اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان خطے کی صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں امن کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا مذاکرات میں سہولت کاری کی پاکستانی کوششوں کو اصولی مؤقف کا مظہر قرار دیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ ایران امریکا امن مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہیں اور بین الاقوامی برادری کو مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین عالمی مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون رکھتے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت مختلف فورمز پر مشترکہ اقدامات کرتے ہیں۔











