کولمبیا میں 18ویں صدی کے جہاز ‘سان جوز’ سے 20 ارب ڈالر خزانے کی بازیابی، قانونی جنگ جاری۔
بگوٹا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کولمبیا کے ساحل کے قریب اٹھارویں صدی کے ہسپانوی جنگی جہاز ‘سان جوز’ کے ملبے سے 20 ارب ڈالر مالیت کے خزانے کی پہلی قسط نکال لی گئی ہے۔ اس خزانے میں 1 کروڑ 10 لاکھ سونے اور چاندی کے سکے شامل ہیں۔
ہسپانوی نیوی کے 64 توپوں کے حامل جہاز کو 1708 میں برطانویوں نے ڈبو دیا تھا۔ اب کولمبین مشن نے اس ملبے سے ابتدائی نوادرات بازیاب کر لی ہیں، جن میں ایک توپ، تین سکے اور کچھ پورسلین شامل ہیں۔
سان جوز بحیرہ کریبیئن میں 600 میٹر کی گہرائی میں موجود ہے اور اس کی حتمی لوکیشن ایک ریاستی راز ہے جبکہ اس کی ملکیت پر بھی شدید تنازع جاری ہے۔
اس خزانے کی ملکیت پر امریکا، کولمبیا اور اسپین کے درمیان قانونی جنگ چل رہی ہے۔ امریکی سرمایہ داروں کے گروپ ‘سی سرچ آرماڈا’ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے 1982 میں یہ جہاز دریافت کیا تھا اور وہ اپنے حصے کے 10 ارب ڈالر کا مطالبہ کر رہے ہیں۔















