امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط والے 100 ڈالر کے نوٹ جون میں جاری کیے جائیں گے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط والے کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے۔ 100 ڈالر کے نئے نوٹ رواں سال جون میں دستیاب ہوں گے۔
یہ نوٹ امریکی تاریخ میں پہلی بار صدر کے دستخط کے ساتھ جاری ہوں گے، اس سے قبل صرف سیکریٹری خزانہ کے دستخط ہوتے تھے۔ صدر ٹرمپ کی مقبولیت کم ہونے کے باوجود یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا نام امریکی ثقافتی اداروں پر درج کرنے کی کوششوں میں یہ تازہ ترین مثال ہے، جس میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کینیڈی سینٹر شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، ٹرمپ اپنا چہرہ سکے پر لگانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ وفاقی فنون لطیفہ کمیشن نے 24 قیراط سونے کے سکے کے ڈیزائن کی منظوری دی ہے، جس پر ان کی تصویر ہوگی۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے دستخط ڈالروں پر لگانے کا مقصد قوم کو 250ویں سالگرہ کا اعزاز دینا ہے۔ ان کے ساتھ سیکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے دستخط بھی موجود ہوں گے۔











