ایران نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملے نہ روکے گئے تو آبنائے باب المندب کو بند کرنے کا اقدام کرسکتا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی سرزمین پر حملے نہ روکے گئے تو وہ آبنائے باب المندب کو بند کرنے کا اقدام بھی کرسکتا ہے۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ دشمن ایران کے ایک جزیرے پر قبضے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کی صورت میں نیا محاذ کھولا جاسکتا ہے۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ دشمن کی تیاریوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ایران کی توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد ایران نے اسرائیلی جارحیت کا سخت جواب دیا تھا۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ دشمن کی کسی بھی حرکت پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے اور عالمی تجارت کے لیے اہم ترین بحری راستہ ہے۔ یمن کی خانہ جنگی کے باعث اس گزرگاہ کی سیکیورٹی عالمی توجہ کا مرکز ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ امریکی صدر نے ان حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے اقدامات سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔











