وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 25 ہزار نوجوانوں کے تربیتی منصوبے کی منظوری دی، جس سے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا۔ سی ایم یوتھ ایمپلائی ایبلٹی اِن بی پی اوز کے ذریعے انہیں تربیت دی جائے گی۔
پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں اس اہم اقدام کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کا مقصد پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں عالمی معیار کی افرادی قوت بنانا ہے۔ اس کے ذریعے مقامی و بین الاقوامی بی پی او (BPO) مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ بی پی او اور آئی ٹی اینیبلڈ (IT Enabled) سروسز کا شعبہ تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ کسٹمر سپورٹ، کال سینٹر آپریشنز، آئی ٹی سپورٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر ملازمتوں سے منسلک کیا جائے گا۔ تربیت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے بی پی او کلسٹرز میں فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ منصوبے پر عملدرآمد، صنعتی رابطہ کاری اور کارکردگی کی نگرانی کرے گا۔ چھ ماہ کی ملازمت کی تصدیق کے لیے پے رول ریکارڈ اور تھرڈ پارٹی ویریفیکیشن استعمال کی جائے گی۔














