آبنائے ہرمز میں جعلی ایرانی حکام بن کر جہازوں سے کرپٹو کرنسی مانگنے والا گروہ سرگرم۔ میرسک نے بحری کمپنیوں کو خبردار کیا ہے۔
آبنائے ہرمز: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یونانی بحری فرم ‘میرسک’ نے خبردار کیا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد خود کو ایرانی حکام ظاہر کرکے آبنائے ہرمز میں جہازوں سے پیسے بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ نوسرباز جہاز رانی کی کمپنیوں کو پیغامات بھیج کر کرپٹو کرنسی میں ٹرانزٹ فیس کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ میرسک نے واضح کیا کہ یہ پیغامات دھوکہ دہی پر مبنی ہیں اور ان کا ایرانی حکام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
میرسک کے مطابق، یہ ایک منظم فراڈ ہے جو خطے میں کشیدگی کا فائدہ اٹھا کر بحری کمپنیوں کو لوٹنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ایک جہاز پر فائرنگ بھی کی گئی، جو اسی دھوکہ دہی کا شکار ہوا۔
ایران اور امریکا کے تنازع کے باعث سیکڑوں جہاز اور بیس ہزار ملاح خلیج میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے، جس سے بحری ٹریفک معطل ہے۔
واضح رہے کہ نوسرباز گروہ کمپنیوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر جعلی پیغامات کے ذریعے جھانسا دے رہے ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات کی بنیاد پر ہی فیصلے کیے جائیں۔












