وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی ممکنہ میزبانی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں عسکری قیادت اور وفاقی وزراء شریک تھے۔ اجلاس میں ایران-امریکا جنگ ختم کرانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں اور مذاکرات کی میزبانی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں خلیجی جنگ کے تصفیے کے لیے پاکستان میں مذاکرات کی میزبانی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکاء کو مصر، ترکیہ اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور اگر فریقین رضامند ہوں تو پاکستان میزبانی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر تنازع کے حل میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایران اور امریکا مذاکرات کے معاملے پر صدر آصف علی زرداری کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ ان کی آج رات صدر زرداری سے اہم ملاقات متوقع ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہو گی۔











