انسٹاگرام نے ریلز کیمرے میں جدید اپ گریڈز متعارف کرائے ہیں، جو صارفین کو 20 منٹ تک ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسٹاگرام نے ریلز کیمرے میں جدید اپ گریڈز متعارف کرائے ہیں، جس کا مقصد صارفین کو بہتر اور تیز ویڈیو ایڈیٹنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اب صارفین ریلز کیمرے سے 20 منٹ تک ویڈیو ریکارڈ کر سکیں گے، جو پہلے کے مقابلے میں ایک بڑا اضافہ ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ تبدیلیاں صارفین کی فیڈبیک کی روشنی میں کی گئی ہیں، جن میں ‘ٹچ اپ موڈ’ کی شدت کنٹرول کرنے والا سلائیڈر، بہتر گرین اسکرین فنکشن، اور ریکارڈنگ کے دوران نیا کاؤنٹ ڈاؤن اور ٹائمنگ کنٹرول شامل ہیں۔
ایڈیٹنگ کو مزید آسان بنانے کے لیے ‘انڈو آپشن’ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ریلز کے سیکوئنس میں آخری کلپ کو بآسانی واپس لے سکتے ہیں۔
اگرچہ نئے کیمرے سے 20 منٹ تک کی ریکارڈنگ ممکن ہے، لیکن انسٹاگرام کا الگورتھم 3 منٹ سے کم دورانیے کی ریلز کو زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اپ گریڈ تخلیق کاروں کو تفصیلی ویڈیوز اور سیریز نما مواد بنانے کا نیا موقع فراہم کرے گا۔















