ٹرمپ کے حملے موخر کرنے کے اعلان پر تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی، جس سے عالمی منڈی پر اثر پڑا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے بجلی گھروں پر حملے پانچ روز کے لیے موخر کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو 88.34 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بھی 10 فیصد کم ہو کر 101 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے مکمل اور جامع حل کے حوالے سے ایران کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ایران کے بجلی گھروں پر حملے موخر کر دیے گئے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات پر حملوں کو پانچ روز کے لیے مؤخر کر رہے ہیں، جو جاری ملاقاتوں اور مذاکرات کی کامیابی سے مشروط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حل کے لیے مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں حملوں کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔











