وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری دفاتر میں حاضری کی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق ملازمین روٹیشن پالیسی کے تحت کام کریں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری دفاتر میں حاضری سے متعلق نئی ہدایات جاری ہو گئی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق 24 مارچ سے ڈیوٹی پر آنے والے 50 فیصد افسران اور عملہ پورے ہفتے کام کرے گا، جبکہ دفتر کے باقی 50 فیصد ملازمین روٹیشن پالیسی کے تحت فرائض انجام دیں گے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متبادل دنوں میں ڈیوٹی دینے والا 50 فیصد عملہ 30 مارچ سے 2 اپریل تک حاضر ہوگا۔ متعلقہ حکام کو نئے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دفاتر کے نئے اوقات کار بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ رمضان کے بعد سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہوں گے، جبکہ ایک سے ڈیڑھ بجے تک کھانے اور نماز کا وقفہ ہوگا۔ چھ دن کام کرنے والے دفاتر صبح 8 سے سہہ پہر 3 بجے تک کھلے رہیں گے، اور نئے اوقات کا اطلاق عید کے بعد فوری ہوگا۔














