امریکی عوام کی بڑی تعداد ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے نالاں ، این بی سی کی رپورٹ

ایران جنگ اور مہنگائی کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، سروے کے مطابق 63 فیصد امریکی شہری ان کی پالیسیوں کے مخالف ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
امریکی عوام کی بڑی تعداد ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے نالاں ، این بی سی کی رپورٹ

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی عوام کی بڑی تعداد ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے نالاں ہے۔ سروے کے مطابق 63 فیصد امریکی شہری صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے مخالف ہیں، جبکہ ان کی مجموعی مقبولیت کم ہو کر 37 فیصد رہ گئی ہے، جو ان کی دوسری مدت کے دوران سب سے کم سطح ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان طبقہ بھی ٹرمپ کی پالیسیوں سے خاصا نالاں ہے۔ 30 سال سے کم عمر 74 فیصد افراد ایران پر مزید امریکی حملوں کے خلاف ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگی پالیسیوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں۔

سروے کے مطابق 66 فیصد امریکی شہریوں نے ایران سے متعلق جنگی صورتحال اور ملکی معیشت، خاص طور پر مہنگائی پر قابو نہ پانے پر ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ملک کی مجموعی صورتحال پر رائے دیتے ہوئے صرف 33 فیصد افراد نے کہا کہ امریکا درست سمت میں جا رہا ہے، جبکہ 66 فیصد کا خیال ہے کہ ملک غلط سمت میں بڑھ رہا ہے۔

مہنگائی کے مسئلے پر بھی عوام کی اکثریت غیر مطمئن نظر آئی۔ صرف 32 فیصد امریکی شہریوں نے ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں کو درست قرار دیا، جبکہ 68 فیصد نے ان پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ریپبلکن پارٹی کے ووٹرز میں ٹرمپ کی حمایت اب بھی خاصی مضبوط ہے، جہاں 83 فیصد افراد ان کے حامی ہیں، اگرچہ اس حمایت میں جنوری اور فروری کے مقابلے میں 4 فیصد کمی آئی ہے۔ مجموعی طور پر ٹرمپ کی حمایت کرنے والوں کی شرح بھی کم ہو کر 58 فیصد سے 52 فیصد پر آ گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں