وزیراعلیٰ پنجاب نے عید پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے زائد کرایوں کی وصولی اور ٹکٹ بلیک روکنے کے لیے کڑی نگرانی کا حکم دیا ہے اور تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں، روزہ دار مسافروں کے افطار کا اہتمام، صفائی ستھرائی اور انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسلسل چیکنگ ڈیوٹی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید پر گھر لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔














