امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ علی لاریجانی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں، انہیں ایران میں مظاہرین کے قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ علی لاریجانی گزشتہ روز حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاریجانی ایران میں مظاہرین کے قتل عام کے ذمہ دار تھے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران خطے اور امریکی مفادات کے لیے خطرہ ہے اور نیٹو اس جنگ میں شامل نہ ہو کر غلطی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کے لیے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر حملہ نہ کرتے تو ایران ہتھیار حاصل کرچکا ہوتا۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کے بیان پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم فی الحال ایران جنگ سے نکلنے کے لیے تیار نہیں لیکن مستقبل قریب میں ایسا ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو ایران کے خلاف کارروائی میں ساتھ نہیں دینا چاہتا لیکن ہمیں ان کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملے میں ایران کی نیوی، فضائی اور ریڈار سسٹم تباہ کر دیے گئے ہیں اور ایران کی قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے۔












