کراچی میں 23 ہزار بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف عید بعد کارروائی ہوگی؛ 6 لاکھ ای ٹکٹس بھی جاری ہو چکے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹریفک پولیس نے شہر میں بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف عید کے بعد کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت ٹریفک انتظامات اور فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی کارکردگی پر اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز سندھ پولیس، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے رمضان کے آخری عشرے میں کیے گئے ٹریفک انتظامات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل چلانے والوں اور بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 27 اکتوبر 2025 سے اب تک 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
آئی جی سندھ نے ٹریفک حادثات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف مؤثر کارروائی کی تجاویز بھی پیش کرنے کا کہا۔














