ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کے لئے بند رہے گی اور ایران امریکا سے مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کے لئے بند رہے گی اور امریکا سے بات چیت میں ایران کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے نہ تو جنگ بندی کی کوئی درخواست کی ہے اور نہ ہی امریکا سے مذاکرات کا کوئی پیغام دیا ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور امریکا سے مذاکرات اسی وقت کریں گے جب ٹرمپ جنگ کو غیر قانونی تسلیم کر لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا خاتمہ ہونا چاہئے مگر اس کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے، جبکہ آبنائے ہرمز ہمارے نزدیک کھلی ہے اور اس سے گزرنے کے لئے متعدد ملکوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے، تاہم یہ صرف دشمنوں کے لئے بند ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ نے ایرانی بحریہ کو نقصان پہنچایا تو امریکا خلیج فارس میں اپنی بحریہ بھیجنے کی ہمت کرے۔ امریکا اس وقت اپنے اتحادیوں سے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لئے مدد مانگ رہا ہے۔











