نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا، جس میں احتساب عدالت کی منظوری کی ضرورت پر اعتراض کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیب نے چوہدری شوگر مل کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے 4 فروری کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کے ذریعے دائر اپیل میں استدعا کی گئی کہ عدالت کا یہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نیب انکوائری کے مرحلے پر کیس واپس لے تو احتساب عدالت کے پاس جوڈیشل اختیار نہیں، جبکہ قانون میں عدالتی منظوری کا تقاضا نہیں ہے۔ مزید کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیے بغیر ہی فیصلہ جاری کیا، جبکہ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ہائیکورٹ کو قانون کی تشریح کا اختیار نہیں تھا۔
واضح رہے کہ چوہدری شوگر ملز کے خلاف انکوائری 14 نومبر 2018 کو شروع کی گئی تھی، مریم نواز کو 8 اگست 2019 کو گرفتار کیا گیا اور 48 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں، ان کے خلاف نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں دی گئی درخواست واپس لے لی گئی تھی۔














