نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہہ آبنائے ہرمز بند رہے گی اور دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور قومی اتحاد برقرار رکھا جائے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر امریکی اڈوں سے ایران پر حملے ہوئے تو اس کا ردعمل دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایران صرف فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ عمل ناگزیر طور پر جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی حمایت کے بغیر ان کی کوئی اہمیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے دنیا کو دکھایا کہ وہ ایک عظیم قوم ہیں اور شہدا کے خون کے بدلے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مناب اسکول کے شہدا کا بدلہ لیے بغیر نہیں رہا جائے گا، جبکہ پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ روابط پر یقین برقرار ہے۔
نئے ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت کے گرنے کا کوئی امکان نہیں، عوام کو متحد رہنا ہوگا، اور عوامی خدمت کے لیے وہ قرآن سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا۔












