وفاقی آئینی عدالت نے ججز تبادلے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت مقرر کر دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے ججز تبادلے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ 24 نومبر کو سماعت کرے گا۔ دوسری طرف ججوں نے انٹرا کورٹ اپیل کی وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کو چیلنج کر دیا۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آباد میں ججز کا تبادلہ درست قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز نے اس فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی، جس کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں 24 نومبر کو دن ساڑھے 11 بجے ہو گی۔
کاز لسٹ کے مطابق لارجر بینچ میں چیف جسٹس امین الدین، جسٹس حسن رضوی، جسٹس باقر نجفی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان، اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہوں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے انٹرا کورٹ اپیل کی وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کے خلاف متفرق درخواست دائر کر دی ہے، جس میں اپیل کو سپریم کورٹ واپس بھجوانے کی استدعا کی گئی ہے۔ ججز کا مؤقف ہے کہ اپیل کو ستائیسویں آئینی ترمیم کی بنیاد پر آئینی عدالت منتقل کیا گیا ہے، جو آئین کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین میں اختیارات کی تقسیم اور حدود واضح ہیں اور کسی بھی ترمیم کا اختیار عدلیہ کو کمزور کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔














