وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سولر سسٹم کی فراہمی تیز کرنے کا حکم دیا۔ منصوبے کے تحت ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں کو سولر سسٹم کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے فوراً مکمل کریں۔ صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن کے حوالے سے ایک اجلاس میں انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ اس منصوبے میں پہلی کیٹیگری میں 65 ہزار گھرانوں کو مفت جبکہ دوسری کیٹیگری میں 65 ہزار کو آدھی قیمت پر سولر یونٹس دیے جائیں گے۔ منصوبے کی منظوری آئندہ پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں لی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضم اضلاع کے لیے ایک علیحدہ سولرائزیشن منصوبہ بھی جاری ہے جس میں ایک لاکھ بیس ہزار مستحق گھرانوں کو شامل کیا جائے گا۔ ضم اضلاع کے لیے منصوبہ صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سولرائزیشن منصوبے میں بیوہ خواتین، خصوصی افراد اور آف گرڈ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔














