ایرانی حملوں میں 500 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہونے کا دعویٰ، امریکی حکام نے ایران کے شاہد ڈرونز کو بڑا چیلنج قرار دیا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران کے حملوں میں 500 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حرکتوں کے باعث امریکی عوام کو ایران کے خلاف جنگ میں جھونک دیا۔ لاریجانی نے کہا کہ امریکی عوام کو اب خود حساب کرنا چاہیے کہ آیا امریکا فرسٹ ہے یا اسرائیل۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی آپ کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ دوسری جانب امریکی حکام نے کانگریس کو بند کمرہ بریفنگ میں بتایا ہے کہ ایران کے شاہد ڈرونز امریکی فضائی دفاع کے لیے بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
بریفنگ میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے کہا کہ یہ ڈرون کم بلندی اور کم رفتار سے پرواز کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روکنا مشکل ہے۔ بعض حکام نے خدشات کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ خلیجی اتحادی انٹرسیپٹر میزائل ذخیرہ کر رہے ہیں۔













