امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں لیڈر بننے کی کوشش کرنے والوں کو مار دیا جاتا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے اور ایران میں جو لیڈر بننا چاہتا ہے، اسے مار دیا جاتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائلوں اور لانچروں کا صفایا کیا جا رہا ہے اور ہم جنگی محاذ پر توقع سے بہتر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے ایران پر حملہ نہ کیا ہوتا تو ایران ہم پر حملہ کر دیتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں اور اتحادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور جب پاگل لوگوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتے ہیں تو بری چیزیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے سابق صدر اوباما کی ایران سے جوہری ڈیل پر بھی تنقید کی۔
وائٹ ہاوس نے کہا کہ امریکی صدر کا خیال ہے کہ ایران جنگ پر انہیں امریکیوں کی حمایت حاصل ہے اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسپین امریکی فوج کے ساتھ تعاون کے لیے رضامند ہے۔













