ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے سعودی آرامکو ریفائنری پر فالس فلیگ حملہ کیا تاکہ علاقائی ممالک کو گمراہ کیا جا سکے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی آرامکو آئل ریفائنری پر حملہ اسرائیل کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کا حصہ تھا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے خطے کے ممالک کو گمراہ کرنے اور ایران میں شہری مقامات پر حملوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش تھی۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی مفادات کو نشانہ بنائے گا، تاہم آرامکو ان اہداف میں شامل نہیں تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل اگلے حملے کے لیے متحدہ عرب امارات کے الفجیرہ بندرگاہ کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
سعودی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ڈرون حملے کے بعد آرامکو ریفائنری کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ دونوں ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، لیکن ان کے ملبے سے تیل کی تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی۔













