پاکستان نے ایران پر حملے کی مذمت کی اور ثالثی کی پیشکش کی۔ وزیر خارجہ نے سینیٹ میں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر متفق تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر متفق ہو گیا تھا، تاہم امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا جس کی پاکستان نے کھل کر مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات مثبت جا رہے تھے، جس میں عمان ثالث کا کردار ادا کر رہا تھا۔ اسی دوران ایران پر حملہ ہوا جس پر پاکستان نے کھل کر ایران کے حق میں آواز اٹھائی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کی حمایت کی ہے اور ایران کے پُرامن ایٹمی پروگرام کو جاری رکھنے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل میں ایران پر حملے کی مذمت کی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لئے تیار ہے، اور عالمی امن و امان کو کمزور نہ ہونے دینے کے لئے تمام ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔













