وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات میں چین نے پاکستان کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے چین کی قیادت کو نئے چینی سال کی مبارکباد دی اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
جیانگ زیڈونگ نے چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور دونوں اطراف نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ کاری پر اتفاق کیا۔














