نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم کراچی میں جماعت اسلامی کی لوڈشیڈنگ پٹیشن پر تحقیقات کرے گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر پٹیشن پر عدالتی حکم کے بعد نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں کے الیکٹرک کی غیر اخلاقی اور نیپرا قوانین کی خلاف ورزی کے تحت کی جانے والی لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں اور سٹی کونسلرز کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی تھی۔
عدالتی احکامات کے تحت نیپرا اسلام آباد کا وفد کراچی پہنچا اور جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر نوید الٰہی شیخ، سفیر حسین، عرفان احمد شیخ اور عابد حسین شامل تھے۔
ملاقات کے دوران جماعت اسلامی کے نمائندوں نے نیپرا کو دستاویزی شواہد فراہم کیے۔ نیپرا حکام نے یقین دلایا کہ جمع شدہ مواد کی بنیاد پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چند روز میں تیار کر کے سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔
جماعت اسلامی کراچی کے وفد نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دلانے اور کے الیکٹرک کی من مانیوں کو روکنے کے لیے قانونی اور عوامی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔














