پنجاب حکومت نے لاہور کی نئی ہاؤسنگ سکیموں کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری دے دی، جس سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور کی نئی ہاؤسنگ سکیموں کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ فیروزپور روڈ، کاہنہ، ایل ڈی اے سٹی اور ملحقہ آبادیوں میں یہ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ہڈیارہ ڈرین پر لاہور کا پہلا باقاعدہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر ہوگا، جو 400 کنال رقبے پر مشتمل ہوگا۔ منصوبے کی مکمل فنڈنگ پنجاب حکومت کرے گی۔
یہ منصوبہ 2017-18 میں ابتدائی طور پر منظور ہوا تھا۔ اب لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، شعبہ انجینئرنگ اور نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان مشترکہ طور پر تفصیلی پلان تیار کریں گے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے منصوبے کی منظوری کی سفارش بھی کر دی ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے ہڈیارہ ڈرین میں گندے پانی کے اخراج میں کمی آئے گی، ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی اور زیرزمین پانی کا تحفظ ممکن ہوگا۔















