پاکستانی برآمدات میں 4% کمی اور درآمدات میں 15.5% اضافہ، تجارتی توازن متاثر۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی نسبت 4 فیصد کمی اور درآمدات میں 15.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے ملکی تجارتی توازن متاثر ہو رہا ہے۔ جولائی تا اکتوبر 2025 کے دوران برآمدات 10 ارب 45 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 10 ارب 89 کروڑ ڈالرز تھیں۔ دوسری جانب درآمدات 23 ارب 11 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئیں جو کہ گزشتہ سال 20 ارب ڈالرز تھیں۔
برآمدات میں کمی نے کارخانوں کی پیداوار اور مزدوروں کے روزگار کو متاثر کیا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی طلب بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوتا تو موجودہ بحران سے بچا جا سکتا تھا۔
پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ملکی معیشت پر بوجھ بن رہا ہے، جس سے غربت، مہنگائی اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافے کے لیے نئے راستے تلاش کیے جا سکیں۔
حکومت کو فوری طور پر برآمدات بڑھانے کے لیے عملی اقدامات، مراعات اور سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ بجلی، گیس اور ٹیکس کے مسائل کو حل کر کے برآمدات میں 40 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر یہ صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔













