اسد قیصر نے مستعفی ججز سے تحریک کی قیادت کی اپیل کی، ججز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوابی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے مستعفی ججز آگے آکر ہماری تحریک کو لیڈ کریں، پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔
انہوں نے صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے جن ججز نے قربانی دے کر استعفیٰ دیا ہے وہ پاکستانی قوم کے ہیروز ہیں، ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ آگے آکر تحریک کو لیڈ کریں گے۔ ہم ججز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مراعات چھوڑ کر انصاف کا ساتھ دیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران کو سوچنا ہوگا کہ یہ خطہ پھر سے جنگ کی آماجگاہ بنے یا امن ہو۔ پاکستان اور افغانستان اپنے تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور دونوں ممالک کو اپنے لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اڈیالہ جیل کے سامنے پی ٹی آئی کارکنان پر تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے حکومت کا فاشسٹ رویہ دُنیا پر عیاں ہوگیا ہے۔ 21 نومبر کو ظلم، لاقانونیت اور غیر آئینی قانونی سازی کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ 27ویں اور 26ویں ترامیم عوام کے مفاد میں نہیں ہیں اور یہ آئین سے متصادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنے ذاتی مفاد کے لیے ایسی ترامیم لا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ دیا تھا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے 27 ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔














