وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان سے لوگوں کو لاکر بسانا سنگین غلطی قرار دیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں ترقی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان سے لوگوں کو لا کر بسانا ایک سنگین غلطی تھی اور سوات سے سینکڑوں دہشت گردوں کی رہائی بھی بڑی کوتاہی ثابت ہوئی۔
قومی ورکشاپ میں خیبرپختونخوا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو خطے میں پرامن رہنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، کیونکہ دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ خارجیوں کے مکمل خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی اور قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ترقی کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر صرف پنجاب ترقی کرے اور دیگر صوبے پیچھے رہ جائیں تو یہ پاکستان کی مجموعی ترقی نہیں کہلائے گی۔
بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مئی میں پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، جبکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو سبق سکھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو اولیت دی ہے لیکن ملکی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔















