الیکشن کمیشن نے 14 لاکھ سے زائد وفات پانے والے ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیا ہے، جبکہ نئے اہل ووٹرز کی شمولیت بھی جاری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں سے 14 لاکھ 84 ہزار سے زائد ووٹرز کو خارج کر دیا ہے۔ دو ماہ کے دوران ملک بھر میں تقریباً 6 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے 7 مئی سے 2 جولائی تک کے دوران رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی خالص کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 71 لاکھ سے کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 14 لاکھ 84 ہزار 382 وفات پانے والے ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کیا گیا ہے جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل ووٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کی کمی ہوئی ہے، جبکہ سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کم ہوئے ہیں۔ انتخابی فہرستیں نادرا کے ڈیٹا کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔














