اسلام آباد میں ای سی سی نے ترقیاتی، دفاعی اور ڈیجیٹل منصوبوں کیلئے گرانٹس کی منظوری دی ہے، جس میں پنجاب کے ایس ڈی جیز پروگرام، دفاعی خدمات، اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ترقیاتی، دفاعی اور ڈیجیٹل منصوبوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے ایس ڈی جیز پروگرام کیلئے 2 ارب روپے، دفاعی خدمات کیلئے 5 ارب 8 کروڑ روپے، اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کیلئے 3 ارب 70 کروڑ روپے کی گرانٹس منظور کی گئیں۔
اجلاس میں خصوصی بچوں کیلئے اسلام آباد میں آٹزم سینٹر کے لیے 15 کوسٹرز کی خریداری کیلئے 32 کروڑ روپے، اور آسان خدمت مرکز کے قیام کیلئے 80 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ ای گورننس اور آئی سی ٹی ایکو سسٹم مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ایف بی آر کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام اور ڈیجیٹل انفورسمنٹ منصوبے کیلئے 3 ارب روپے مختص کیے گئے۔ ایشیا پیٹرولیم لمیٹڈ پائپ لائن کے مستقبل پر لائحہ عمل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 31 جنوری تک رپورٹ پیش کرے گی۔
فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ کیلئے 70 کروڑ روپے کا فنانس فنڈ منظور کیا گیا ہے جس پر چھ ماہ بعد کارکردگی رپورٹ لازمی پیش کی جائے گی۔















