دسمبر 2025 میں پاکستان کو 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ دسمبر 2025 میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے تحت پاکستان کو 3 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ 17 فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلے چھ ماہ میں ترسیلات زر کا مجموعی حجم 11 فیصد اضافے کے ساتھ 19 ارب 73 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ مالی سال 2025 کے اسی عرصے میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں۔
ملک وار اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے 81 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 72 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 30 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔















