پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر گوہر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بھیک نہیں مانگ رہی اور بیان غیر مناسب تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر گوہر کے اس بیان کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آچکی ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ بیان پارٹی مؤقف کے خلاف تھا اور جلدبازی میں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے کوئی ایسی غلطی نہیں کی جسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کا جواز بنایا جا سکے۔
سلمان اکرم راجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کسی بھی حوالے سے بھیک نہیں مانگ رہی ہے اور بھیک کا لفظ بالکل غیر مناسب تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت سے بات تبھی ہوگی جب بانی پی ٹی آئی پر سے ناجائز قدغنیں ہٹا لی جائیں گی۔














