صدر آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی جمہوری خدمات کو سراہا اور ان کے وژن کی تجدید کا عزم کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
صدر زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم تھیں اور انہوں نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کا دفاع کیا۔
صدر نے مزید کہا کہ غریب، کسان اور مزدور بینظیر بھٹو کی سیاست کا محور رہے، جبکہ نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور فلاح ان کی اولین ترجیحات تھیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بینظیر بھٹو کے وژن کا اہم حصہ تھا اور انتہا پسندی کے خلاف ان کا موقف ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے نفرت نہیں بلکہ اتحاد اور مفاہمت کا راستہ دکھایا اور ان کا پیغام تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ صدر نے عزم کیا کہ ہم جمہوری اور مضبوط پاکستان کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج منائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں سندھ بھر میں عام تعطیل ہے۔













