سپریم کورٹ نے مرحوم سرکاری ملازمین کے کوٹے کے تحت ملازمت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا، سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے مرحوم سرکاری ملازمین کے کوٹے کے تحت ملازمت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔ عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ پہلے سے نمٹائے گئے مقدمات دوبارہ نہیں کھولے جا سکتے۔
عدالت نے واضح کیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات میں کوئی قانونی سقم نہیں ہے اور کوٹے سے متعلق قوانین کی منسوخی کا اطلاق ماضی پر نہیں کیا جائے گا۔
مزید برآں، جنرل پوسٹ آفس کیس کا فیصلہ سابقہ نمٹائے گئے مقدمات پر لاگو نہیں ہوگا، کیونکہ عدالتی فیصلے اصولاً مستقبل کے لیے ہوتے ہیں جب تک کہ ماضی پر اطلاق کی وضاحت نہ ہو۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 2019 سے 2023 کے درمیان مرحوم ملازمین کے ورثا کو ملازمت دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔













