سلمان اکرم راجہ نے نظام پر ڈاکا تسلیم کیے بغیر مذاکرات ناممکن قرار دیے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو جائز مطالبات پر مذاکرات کی دعوت دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی نے درست کہا ہے کہ جس نے چوری کی اس سے کیسے بات ہو سکتی ہے۔ پہلے پورے نظام کو عوام کی رائے پر ڈاکا مارنے کا اعتراف کرنا ہوگا، پھر شفاف انتخابات کی طرف بڑھا جا سکتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد بات کرے گا، اگر چوری تسلیم کیے بغیر بات کرنی ہے تو کسی اور کو ڈھونڈ لیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقدمے ہوں اور ملاقات نہ دی جائے تو کیسے مذاکرات ہو سکتے ہیں؟
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور اسمبلی فلور پر بھی مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جائز مطالبات پر ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں، مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔













