بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
جامشورو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے دن رات کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے جامشورو کیڈٹ کالج پٹارو میں سالانہ پیرنٹس ڈے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو میں خطاب کرنا ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے بلکہ نوجوانوں کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے طلبا کو محنت، نظم و ضبط اور ملک سے محبت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین کی کیونکہ متحد قوم کو کبھی ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کر چکا ہے اور بھارت کے خلاف ہماری فتح صرف فوجی نہیں بلکہ اخلاقی بھی تھی۔ انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج ملک کے دفاع کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔














