2025 میں بلوچستان میں دہشت گردی کے 432 حملوں میں 489 افراد شہید، امن و امان کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سال 2025 بلوچستان کے لیے امن و امان کے حوالے سے انتہائی مشکل ثابت ہوا، جہاں دہشت گردی کے واقعات میں 489 افراد جان سے گئے جن میں شہری اور سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ صوبے بھر میں خوف و ہراس کی فضا برقرار رہی۔
رواں سال بلوچستان میں دہشت گردی کے 432 حملے رپورٹ ہوئے، جن میں 284 شہری اور 205 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ ان حملوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات کھڑے کر دیے۔
مارچ میں بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوا، جہاں 26 افراد شہید اور 33 دہشت گرد مارے گئے۔ 18 فروری کو بارکھان میں 7 مسافروں کو قتل کیا گیا جبکہ جولائی میں ژوب اور قلات کے قریب مسافر کوچز پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔
خضدار میں 15 مئی کو آرمی پبلک اسکول کی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 4 بچوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے۔ کوئٹہ میں 30 ستمبر کو ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 12 افراد جان سے گئے۔
حکام نے بتایا کہ 78,000 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 707 دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم، دہشت گردی کے خطرات بدستور موجود ہیں اور عوامی حلقوں کی جانب سے مزید مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

![بلوچستان میں 2025 میں 432 دہشتگرد حملے، 489 افراد کی شہادت [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/14007_2025-12-22_07-03-00.webp)













