حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ پر مقدمہ درج، پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
حیدرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مبینہ طور پر غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ تھانہ ہٹڑی کی حدود میں پی پی پی کے طلبہ تنظیم کے عہدیدار اظہر الدین تالپور کی درخواست پر تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، اظہر الدین نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ایل یو ایچ میں انٹری ٹیسٹ کے دوران ویگو ڈالے میں سوار ایک شخص نے نہ صرف ان پر تشدد کیا بلکہ بلاول بھٹو زرداری کے لیے غیر اخلاقی الفاظ بھی استعمال کیے۔
ایف آئی آر کے مطابق، بااثر افراد نے اظہر الدین کو مغلظات بکیں، تھپڑ مارے اور پیپلز پارٹی کے جھنڈے چھین کر اپنی گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے۔
ہٹڑی پولیس نے اظہر الدین کی فریاد پر ایف آئی آر نمبر 403/2025 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506/2، 504 اور 337-A(i) کے تحت درج کی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

![حیدرآباد میں بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ پر مقدمہ [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/11722_2025-12-16_05-57-44.webp)













