پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی نے جون 2027 تک پیٹرول کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کی سفارش کی ہے، جس کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو شفاف اور مارکیٹ پر مبنی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
کمیٹی نے پیٹرول کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کے ہدف کی سفارش کی ہے۔ اس کے تحت قیمتوں کو بتدریج مارکیٹ پر مبنی نظام کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سفارشات کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور صارفین کو قیمتوں کے اچانک اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔ جلد ہی حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
کمیٹی نے ہنگامی حالات میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں حکومتی مداخلت کے لیے رہنما اصول بھی طے کیے ہیں۔ انلینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن کے تعین کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے تحریری سفارشات کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں مناسب ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔














