راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ انتظامیہ نے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تک جاری رہی۔ بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور کئی مقامات پر پانی جمع ہو چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ شہر میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ پاک فوج کو نالہ لئی اور گوالمنڈی کے اطراف میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، آبادیوں کو خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں 3 سال کے دوران سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ادارے فعال ہیں۔














