پمز مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے بجٹ میں اضافہ، 1 ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے مختص۔ گزشتہ سال 85 کروڑ روپے تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پمز اسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ نیا بجٹ 1 ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے ہے جبکہ گزشتہ سال کا بجٹ 85 کروڑ 56 لاکھ روپے تھا۔
دستاویزات کے مطابق مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مشینری اور سازوسامان کا بجٹ 70 لاکھ روپے ہے جبکہ عمارت کے لیے 40 لاکھ روپے مختص ہیں۔
ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 35 کروڑ 69 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ افسران کی تنخواہ کے لیے 20 کروڑ روپے اور دیگر عملے کے لیے 15 کروڑ 65 لاکھ روپے مختص ہیں۔
الاؤنسز کے لیے 33 کروڑ 27 لاکھ روپے اور آپریٹنگ اخراجات کے لیے 27 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 60 لاکھ روپے، اسکالرشپ کے لیے 85 لاکھ اور اسٹور اسٹاک کے لیے 60 لاکھ روپے مختص ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے اور متعلقہ افسران پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔














