وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کو مقررہ ریونیو ہدف کے لیے انفورسمنٹ تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیس لیس نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر سے فعال ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے چیئرمین اور سینئر افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ماہ کراچی اور لاہور میں دو روز کے لیے قیام کریں۔ انہوں نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں ایف بی آر اصلاحات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کے بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایف بی آر کو مقررہ ریونیو ہدف کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرنے چاہیے۔ اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کے خلاف موثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے چکوال اور صوابی میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی تعریف کی۔ ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کے حساس عہدوں پر ایماندار افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر سے فعال ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت ٹیکس اصلاحات اور ریونیو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔ ایف بی آر کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے مزید اقدامات پر غور جاری ہے۔













