سہیل آفریدی پہلےخیبرپختونخوامیں امن قائم کریں،پھرسندھ میں سیاست کریں،ترجمان سندھ حکومت

حکومت سندھ کے ترجمان نے سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کے مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں 6 ماہ کے دوران 475 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سندھ کے فکر چھوڑیں، خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں سے بچائیں، سندھ حکومت کا سہیل آفریدی کو مشورہ

کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) حکومت سندھ کے ترجمان گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سندھ کی فکر چھوڑ کر خیبرپختونخوا کے مسائل پر توجہ دیں۔ خیبرپختونخوا میں 6 ماہ کے دوران 475 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 180 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان سندھ نے سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہیں مگر وزیراعلیٰ سندھ کی سیاست میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کی حالت بہتر کریں، سندھ میں پیپلز پارٹی کے خاتمے کی باتیں بعد میں کریں۔

گنہور خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے لیکن وزیراعلیٰ سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ سہیل آفریدی عمران خان کی رہائی کی باتیں کرتے ہوئے سندھ آئے ہیں جبکہ عوام جنازے اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کئی علاقے دہشت گردی کی زد میں ہیں مگر وزیراعلیٰ غیر حاضر ہیں۔ سندھ میں پوائنٹ اسکورنگ سے خیبرپختونخوا کی دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 6 ماہ میں 156 پولیس اہلکار شہید ہوئے مگر وزیراعلیٰ کی ترجیح عمران خان ہیں۔ ترجمان سندھ نے کہا کہ سہیل آفریدی پہلے خیبرپختونخوا میں امن قائم کریں، پھر سندھ کی سیاست کریں۔

دیگر متعلقہ خبریں