وفاقی حکومت نے ججز سمری پر دستخط نہ کرنے پر صدر سے مذاکرات کا ٹاسک اسپیکر قومی اسمبلی کو سونپ دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی حکومت نے ججز کی سمری پر دستخط نہ کرنے کے معاملے پر صدر مملکت سے مذاکرات کی ذمہ داری اسپیکر قومی اسمبلی کو سونپ دی ہے۔ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں صدر مملکت کے قانونی مشیر عرفان قادر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ججز تعیناتی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے اور بعد کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیر قانون نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے اور اس کے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
صدر مملکت کے قانونی مشیر عرفان قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ججز کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا اور سب مل جل کر حل تلاش کریں گے۔
قانونی مشیر نے کہا کہ تمام اقدامات ملک کی بہتری کے لئے ہیں اور مسائل پرامن طریقے سے حل ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ ججز کی تعیناتی کی سمری پر صدر کی جانب سے دستخط نہ کرنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس سے سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔













