رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے بعد اسمبلی کی تشکیل اور حکومت سازی کے عمل کی وضاحت کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اپنے جرائم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیار اٹھانے، عوام کو ورغلانے اور تحریک آزادی جموں و کشمیر کو سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دھرنا دینے والے اپنا احتجاج ختم کریں، تاکہ باقی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات کے ذریعے عوامی نمائندے اسمبلی کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی طاقتیں آزاد کشمیر کے عوام کو حق رائے دہی سے روکنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ آج کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہو جائیں گے۔ آزاد کشمیر میں دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے آج تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مضبوط خاندانی اور برادری نظام کے باعث بعض علاقوں میں ٹرن آؤٹ زیادہ ہونا غیر معمولی بات نہیں۔ بعض پولنگ اسٹیشنز پر 80 فیصد تک ووٹنگ ہوئی، اس کی وجوہات مقامی برادری اور خاندانی نظام سے جڑی ہیں۔
واضح رہے کہ عوام کے مینڈیٹ کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی اور حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ انتخابی عمل کے بعد اسمبلی اور حکومت سازی کے مراحل آئینی طریقہ کار کے مطابق مکمل ہوں گے۔













