وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے 40 روزہ حج اسکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو سہولت فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعلان کیا ہے کہ 40 روزہ حج اسکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا، جہاں عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ کے ذریعے ادائیگی مکمل کرسکیں گے۔
پاکستان میں پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ 20 سے 25 روزہ شارٹ حج اسکیم کا پیکیج 13 لاکھ روپے ہوگا۔ سرکاری حج اسکیم 2027 کے تحت 1 لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈیجیٹل نظام عازمین کو طویل قطاروں اور اضافی اخراجات سے بچائے گا۔ یہ نظام شفافیت اور سہولت کو یقینی بنائے گا، پرائیویٹ عازمین بھی حج ایپ یا پورٹل کے ذریعے آرگنائزر منتخب کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔ منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈیجیٹل نظام عازمین حج کو غیر ضروری سفر اور اخراجات سے بچانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جس سے ان کے سرمائے کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔













