اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی جنگوں اور موسمی تبدیلیوں سے اجناس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ یورپ میں ہیٹ ویو سے فصلیں تباہ ہوئیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) موسمیاتی تبدیلی، ہیٹ ویو اور یوکرین و مشرق وسطیٰ میں جنگوں نے عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارۂ خوراک و زراعت کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں چینی کی قیمتوں میں 5.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2026 میں عالمی غذائی اشیاء کا قیمتوں کا اشاریہ 131.1 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو جنوری 2023 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے ایف اے او کے مطابق جولائی میں عالمی سطح پر اناج کی قیمتوں میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گندم کی قیمتیں 5.8 فیصد بڑھ گئیں۔ یورپ میں جون کی تاریخی ہیٹ ویو کے نتیجے میں تقریباً 90 لاکھ ٹن گندم، جو، مکئی اور جئی سمیت مختلف فصلیں تباہ ہوگئیں، جس سے عالمی سپلائی مزید متاثر ہوئی۔ یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی برآمدات میں رکاوٹوں نے قیمتوں میں اضافہ کیا۔















