راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، ٹریفک متاثر، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور واسا کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق نالہ لئی بیسن میں اوسطاً 54.51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کمیٹی چوک، مری روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں کو گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شدید بارش سے صادق آباد، پیرودھائی اور دیگر نشیبی علاقوں میں تین سے چار فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے، تاہم تاحال مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔













