ناسا کے مطابق 12 اگست کو مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین سمیت چند ممالک میں نظر آئے گا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق 12 اگست کو دو سال بعد مکمل سورج گرہن نظر آئے گا۔ یہ نایاب منظر دنیا کے چند ممالک میں ہی دیکھا جا سکے گا۔
ناسا نے بتایا ہے کہ مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقوں اور پرتگال کے ایک کونے میں دیکھا جا سکے گا۔ اسپین میں یہ گرہن سورج غروب ہونے کے وقت ہوگا، جسے ماہرین فلکیات نے ‘مسحور کن’ قرار دیا ہے۔
یورپ کے بیشتر ممالک اور شمالی افریقا کے کچھ خطوں میں جزوی سورج گرہن کا نظارہ ممکن ہوگا۔ روس میں گرہن سورج طلوع اور غروب دونوں اوقات میں دیکھا جا سکے گا، جو اسے خاص بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سورج غروب کے وقت گرہن کا پیش آنا نادر مظہر ہے، جو کئی سالوں بعد دیکھنے میں آتا ہے۔ اس بار کا گرہن اسی خاصیت کی وجہ سے اہم ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق 12 اگست کی رات 10 بج کر 34 منٹ پر جزوی سورج گرہن کا آغاز ہوگا، مکمل گرہن 12 بج کر 12 منٹ پر عروج پر پہنچے گا، اور رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔















